ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ’ای عمرہ گیٹ‘ کے ذریعے ویزے کے اجراء کا طریقہ کار بتا دیا ، جس کے بعد اب عمرہ کے لیے پاکستان سے مقدس سرزمین جانا اور بھی آسان ہوگیا . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ جن ممالک کے شہریوں پر مملکت آمد پر کوئی پابندی نہیں ہے وہ عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ای عمرہ گیٹ وزٹ کریں جہاں سے عمرے کا خواہشمند شخص وزارت حج و عمرہ کی لائسنس ہولڈر ٹریولنگ ایجنسی یا کمپنی کا انتخاب کرے ، اس کے بعد مناسب پیکیج منتخب کرنے کے بعد پیکیج کی رقم ادا کرے ، یہ پیکیج رہائش اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات پر مشتمل ہوگا-
بتایا گیا ہے کہ ای عمرہ گیٹ پر تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد عمرہ زائر کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ٹریولنگ ایجنسی یا متعلقہ کمپنی کے دفتر جاکر اپنا پاسپورٹ پیش کرے اور وہاں عمرہ پروگرام سے متعلق متعلقہ فارم پر کرے یہاں اسے اپنے ملک سے سعودیہ روانگی اور وہاں سے واپسی کی تاریخ کا بھی تعین کرنا ہوگا ، جب کہ اس سارے عمل کے لیے عمرہ زائر کو پیروی کے لیے سپیشل نمبر مہیا ہوگا ، جس کو دکھانے کے بعد سعودی وزارت خارجہ کے ماتحت ای ویزا سروس پلیٹ فارم سے عمرہ ویزہ کی درخواست پیش کی جاسکے گی .
معلوم ہوا ہے کہ عمرہ کے لیے اپنے ملک سے سعودی عرب کا سفر کرنے سے پہلے آمد و رفت کا ٹکٹ کنفرم ہونا لازمی ہے ، اس کے ساتھ ہی زائر نے میڈیکل انشورنس سکیم بھی حاصل کی ہوئی ہو جب کہ مملکت میں منظور شدہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد اس کی مصدقہ رپورٹ بھی ہمراہ ہونی چاہیئے، عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کی تاریخ اور اصولی وقت حاصل کرنا بھی ضروری ہے .
. .