یادگارِ فتح کی تقریب میں وزرائے اعلیٰ کی عدم شرکت سے متعلق حقائق سامنے آگئے

سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ صوبوں کی تقریبات میں مصروف تھے، سہیل آفریدی شاید احتجاج اور ریلیوں میں شرکت کو سرکاری تقریب میں شریک ہونے پر ترجیح دے رہے تھے؛ اینکر پرسن منیب فاروق کی ایکس پر پوسٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکرپرسن اور تجزیہ کار منیب فاروق نے اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب میں صرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شرکت اور دیگر تینوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی عدم موجودگی پر وفاقی حکومت پر کی جانے والی تنقید پر حقائق واضح کر دیئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر منیب فاروق نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر میں کوئی سچائی نہیں کہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو نظرانداز کیا گیا، انہوں نے تصدیق کی کہ اسلام آباد میں منعقدہ یادگارِ فتح کی باوقار تقریبِ افتتاح کے لیے تمام چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو باضابطہ دعوت نامے ارسال کیے گئے تھے۔


وزرائے اعلیٰ کی غیر حاضری کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے منیب فاروق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے اپنے صوبائی دارالحکومتوں میں پہلے سے طے شدہ یومِ آزادی اور دیگر سرکاری تقاریب میں مصروفیت کے باعث اسلام آباد کا سفر نہیں کر سکے تھے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک وزیراعلیٰ کے پی کا تعلق ہے تو شاید سہیل آفریدی سرکاری و قومی نوعیت کی تقریب میں شرکت کرنے کے بجائے اسلام آباد میں احتجاج، دھرنوں اور جلسے جلوسوں میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے، تاہم اس معاملے پر وفاقی حکومت پر تنقید بے بنیاد ہے کیونکہ چاروں وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert