سیکیورٹی اور ‘بےگار’ کے نام پر ہیوی ٹرانسپورٹ کو بلاجواز گھنٹوں روکنا ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے: ٹرانسپورٹرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، سلسلہ بند نہ کیا گیا تو مغربی بائی پاس پر دھرنا دیں گے: بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن
آئی جی پولیس اور ایس ایس پی ٹریفک ہیوی ٹرانسپورٹ کو غیر ضروری روکنے کے خلاف فوری تحریری ہدایات جاری کریں: ترجمان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے ترجمان حاجی روزی خان مندوخیل نے اپنے ایک سخت ترین بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان پہلے ہی بدترین معاشی حالات، بدامنی اور کاروباری جمود کا شکار ہے، کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، مگر اس کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سے جبلِ نور، ایئرپورٹ روڈ اور مغربی بائی پاس پر ہیوی ٹرانسپورٹ کو مبینہ طور پر ’’بےگار‘‘ اور مختلف سیکیورٹی وجوہات کے نام پر روزانہ گھنٹوں روکنا اور کھڑا کرنا ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے نام پر، پھر چہلم کے نام پر اور اب سیکیورٹی تھریٹ کے نام پر ہماری گاڑیوں کو مسلسل سڑکوں پر روک کر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ ہم سیکیورٹی کے تقاضوں اور عوام کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، لیکن سیکیورٹی کے نام پر قانونی کاروبار کرنے والی ہیوی ٹرانسپورٹ کو مسلسل بےگار کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ٹرک مالکان پہلے ہی مہنگائی، ٹیکسز، ڈیزل کے اخراجات، گاڑیوں کی مرمت اور کاروباری مندی کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایسے حالات میں روزانہ گاڑیوں کو بلاجواز روکنے سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ ڈرائیوروں اور مزدوروں کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو کاروبار سے بیزار کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے، جس کی ہم بھرپور اور شدید ترین مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹریفک پولیس کو واضح تحریری ہدایات جاری کی جائیں کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کو بلاجواز اور غیر ضروری طور پر ’’بےگار‘‘ کے نام پر نہ روکا جائے اور سیکیورٹی انتظامات کے لیے ایسا مؤثر طریقہ اختیار کیا جائے جس سے قانونی کاروبار اور مال بردار ٹرانسپورٹ کا پہیہ متاثر نہ ہو۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ آج کا نہیں بلکہ محرم الحرام سے مسلسل جاری ہے اور اب ٹرانسپورٹرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ ہم متعلقہ حکام کو آخری مرتبہ متنبہ کرتے ہیں کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے ساتھ یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، بصورتِ دیگر بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن اپنے آئینی و قانونی حق کے تحت احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو ایسوسی ایشن دھرنا دینے اور مغربی بائی پاس پر احتجاج کرنے سمیت دیگر پُرامن اور قانونی احتجاجی اقدامات پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کو تحفظ دیا جائے، کاروباری سرگرمیوں میں بلاجواز رکاوٹیں ختم کی جائیں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
