جب ہم مایوس ہو گئے تھے تب اللہ نے انصاف فراہم کیا، علیمہ خان کا ردِعمل

اللہ کا شکر ہے کہ عمران خان کا اب معائنہ اور علاج ہوگا، ہم خوش ہیں، ہم ججز کے شکر گزار ہیں؛ میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور علاج کی سہولت فراہم کرنے کے فیصلے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے جذبات اور خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے عدلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ججز کی شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ انسانی فیصلہ سنایا، اس موقع پر علیمہ خان نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر عوام اور سپورٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ عمران خان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج ہو سکے گا، ہم اس فیصلے پر بہت خوش ہیں، ایک وقت ایسا آ گیا تھا جب ہم بالکل مایوس ہو چکے تھے، لیکن بالکل اسی مایوسی کے عالم میں اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے انصاف کا راستہ نکالا اور عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ آیا۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کی جانب سے میڈیا ٹاک اور سیاسی گفتگو پر عائد پابندی اور یقین دہانی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے میڈیا نمائندگان سے معذرت کی اور کہا کہ عدالت نے ہمیں میڈیا سے تفصیلی بات چیت کرنے سے منع کیا ہے اور ہم نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہم کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے، آپ سب ہمارا ساتھ دیں، ہمیں ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں ہم سے کوئی ایسی بات نہ ہو جائے جس پر عدالت ناخوش یا ناراض ہو جائے۔
اسی طرح پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ انہوں نے بطور جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ کے سامنے باقاعدہ یقین دہانی کروائی ہے کہ عمران خان کی شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کے بعد پارٹی کی جانب سے ہسپتال کے باہر کوئی اجتماعات یا ہلڑ بازی نہیں کی جائے گی، ہمیں عدالتی احکامات اور اپنے وعدے کا ہر صورت پاس رکھنا ہے، عمران خان کی صحت انتہائی حساس معاملہ ہے اور اسے کسی بھی صورت میں سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert