حکومت کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں: بیرسٹر گوہر کا نظرِ ثانی اپیل پر ردعمل

بیرسٹر گوہر علی خان کی اپنے کارکنوں اور خصوصاً سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی۔


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حساس معاملے پر کسی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اور مقتدرہ سے اپیل کی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد ہونے دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی مشکلوں اور طویل کوششوں کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے، اس لیے تمام فریقین کو اپنا دل بڑا کرنا چاہیے اور حکومت کو اس معاملے پر بالکل پریشان نہیں ہونا چاہیے کیونکہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہر قسم کی انڈرٹیکنگ دی جا چکی ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے گفتگو کے دوران اپنے کارکنوں اور خصوصاً سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کوئی بھی ایسا اقدام نہ کریں جس سے اس فیصلے پر کوئی منفی اثر پڑے۔
انہوں نے کہا کہ میں دونوں فریقین سے التجا کرتا ہوں کہ اس عمل کو سبوتاژ نہ کریں۔
انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ بانی پی ٹی آئی اپنے مزاج کے مطابق صرف صحت اور علاج کی حد تک ہی اسپتال میں قیام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کی گئی ہے لیکن ابھی اسے نمبر الاٹ نہیں ہوا، اور انہیں قومی امید ہے کہ عدالتی فیصلے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات کروائی۔

WhatsApp
Get Alert