عدالتوں میں رش کر کے ججوں کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا، سوشل میڈیا پر کیس کی تشہیر کے خلاف آرڈر جاری کریں گے: چیف جسٹس بلوچستان

ہائی کورٹ میں ویڈیو لنک اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت دستیاب کروا دی گئی ہے، سائلین کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی: جسٹس کامران ملا خیل


لاء گریجویٹس کو پڑھایا نہیں بنایا جا رہا، لاء کالجز کا طریقہ کار چیک کرنے کی ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے: تقریب سے خطاب
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران ملاخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ عدالتی اور قانونی روایات کی پاسداری کی ہے، نئے جوڈیشل افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وکلاء کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، تاہم لاء گریجویٹس کو معیاری تعلیم دینے کے بجائے صرف تیار کیا جا رہا ہے، جس پر وکلاء تنظیموں اور لاء کالجز کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ نئے جوڈیشل افسران کو ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ اپنی روایات کی پاسداری کی ہے اور عدالتی نظام میں وکلاء کا کردار انتہائی اہم ہے۔
جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان میں وکلاء کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، تاہم لاء گریجویٹس کی معیاری تعلیم اور تربیت ایک اہم مسئلہ ہے۔ لاء گریجویٹس کو پڑھایا نہیں بلکہ بنایا جا رہا ہے، وکلاء تنظیموں کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لاء کالجز کے طریقہ کار کو بھی چیک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔
دور دراز علاقوں کے سائلین اور وکلاء کو ویڈیو لنک کی سہولت سے فائدہ ہوگا
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں ویڈیو لنک کی سہولت دستیاب کروا دی گئی ہے، جس سے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے سائلین اور وکلاء کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے طویل سفر کی ضرورت کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو لنک کی سہولت سے سائلین اور وکلاء کے قیمتی وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی اور عدالتی کارروائی تک رسائی مزید آسان بنائی جا سکے گی۔
کیسز کے لیے ہائی کورٹ میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے
جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ مقدمات سے متعلق سہولیات اور کارروائی کو آسان بنانے کے لیے ہائی کورٹ میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ سائلین اور وکلاء کو مختلف معاملات کے لیے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے عدالتوں کے احاطے میں غیرضروری رش سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ضروری ہے۔
سوشل میڈیا پر مقدمات کی تشہیر کے خلاف آرڈر جاری کریں گے
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر زیرِ سماعت مقدمات کی تشہیر اور انہیں غیرضروری طور پر موضوعِ بحث بنانے کے خلاف آرڈر جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عدالتوں میں رش کے ذریعے ججوں کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔ ہمیں اپنے ساتھ ساتھ عوام اور سائلین کے تحفظ کا بھی احساس ہے۔

جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ عدالتوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وہ دن میں کئی بار عدالتوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ ججز، وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
چیف جسٹس پاکستان جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے بلوچستان کے عدالتی نظام اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert