انسداد دہشت گردی عدالت نے جوہر ٹاون بم دھماکہ کیس کا فیصلہ سنا دیا
لاہور (قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی عدالت نے جوہر ٹاون بم دھماکہ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ برس ہوئے جوہر ٹاون دھماکے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے 4 مجرمان کو 9،9 مرتبہ سزائے موت کا حکم دیا، جبکہ مجرمان کی سہولت کار خاتون کو بھی سخت سزا سنا دی گئی۔
عدالت نے پیٹر پال، عید گل، عائشہ گل، ضیاء اللہ اور سجاد نامی مجرمان کو سزائے موت کا حکم سنایا، جبکہ عائشہ نامی مجرمہ کو 5 سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر فیصلہ سنایا۔ گزشتہ روز انسداددہشت گردی عدالت نے جوہر ٹائون بم دھماکہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ گزشتہ روز عدالت نے سکیورٹی خدشات کے باعث کیس کی سماعت جیل میں کی۔ پراسکیوشن کے 56 گواہوں نے ملزموں کیخلاف بیانات قلمبند کروائے۔ پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ فرانزک شواہد اور گواہان کے بیانات سے ملزمان کا جرم ثابت ہوتا ہے ملزمان کو سزائے موت دی جائے۔