پاکستانیوں کے ویزے منسوخ، روزگار اور سرمایہ خطرے میں، بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں اہم مسئلہ اٹھا دیا
یو اے ای میں پاکستانیوں کے ویزوں کی تجدید نہیں کی جارہی، کئی فعال ویزوں کو بھی کینسل کردیا گیا؛ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا حکومت سے اس معاملے پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور وہاں ان کے ویزہ مسائل کا اہم معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں ملازمت اور کاروبار کرتی ہے اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک بڑا حصہ وہیں سے آتا ہے، تاہم اس وقت پاکستانیوں کو ویزوں کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جن لوگوں کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں، ان کی تجدید نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ خواہ ایسے شہری چھٹیوں پر آنے کی وجہ سے پاکستان میں موجود ہوں یا متحدہ عرب امارات کے اندر ہی رہائش پذیر ہوں، ان کے ویزوں کی عدم تجدید کے ساتھ ساتھ کئی فعال ویزوں کو بھی منسوخ کیا جا رہا ہے، اس اقدام کی وجہ سے وہاں مقیم پاکستانی تاجروں کے کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں اور ان کا لاکھوں ڈالرز کا سرمایہ وہاں پھنس کر رہ گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اس معاملے کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس اس حوالے سے مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور ان کی اپنی پارٹی کا ایک فعال ورکر عبدالعزیز پیر بابا کا رہائشی بھی اس صورتحال سے براہِ راست متاثر ہوا ہے، اگر ہمارے شہریوں کے کاروبار اور ویزوں کے مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو اس سے زرمبادلہ کی آمدن کو جو نقصان ہوگا، اس کی تلافی برآمدات کے ذریعے ممکن نہیں ہو سکے گی۔
