کچھی بولان کے علاقے دلدار میں قبائلی شخصیت کے مہمان خانے اور کٹھن پولیس تھانے پر راکٹ حملہ اور فائرنگ

نامعلوم مسلح افراد اور قبائلی محافظوں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ، تھانے کا تمام ریکارڈ مبینہ طور پر جلا کر خاکستر


میر شفیع محمد ابڑو اور مہمانوں کی گاڑیوں کو شدید نقصان، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن شروع
بولان (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے ضلع کچھی بولان کے علاقے دلدار گاوں میں نامعلوم مسلح افراد نے جاموٹ قبائل کی معروف شخصیت میر شفیع محمد ابڑو کے مہمان خانے اور کٹھن پولیس تھانے کو راکٹ حملے اور شدید فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں میر شفیع محمد ابڑو اور ان کے مہمانوں کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ کٹھن پولیس تھانے پر حملے کے دوران تھانے کا تمام پولیس ریکارڈ مبینہ طور پر جلا کر خاکستر کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد اور قبائلی شخصیت کے افراد کے درمیان تقریبا ایک گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert