عمران خان کا علاج ‘ ہسپتال منتقلی ‘ سپریم کورٹ کے احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیے گئے، ججز فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں یا عدالتوں کو تالے لگا دیں: سہیل آفریدی

عمران خان کے ساتھ ناروا سلوک پر عوام کا پارہ ہائی، ملک کو 'بنانا ریپبلک' بنایا جا رہا ہے، طاقتور اشرافیہ آئین و قانون کو نہیں مانتی، کل سے ملک گیر تحریک کا آغاز اور توہین عدالت کا مقدمہ دائر کریں گے: پی ٹی آئی رہنما کی پریس کانفرنس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل آفریدی نے حکومت اور انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین ججز کے احکامات کو ایک بار پھر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ عوام کی آخری امید عدلیہ ہے، اگر عدلیہ نے انصاف نہ کیا اور اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کروایا تو عوام کا عدالتی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ججز کو اب دوٹوک فیصلہ کرنا ہوگا کہ یا تو وہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں یا پھر عدالتوں کو تالے لگا دیں۔
ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کوئی عام انسان نہیں، بلکہ پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اتنے بڑے لیڈر کے ساتھ ایسا ہتک آمیز سلوک روا رکھا جا سکتا ہے، تو ایک عام پاکستانی کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے، وہ انصاف کے لیے کہاں جائے گا؟

انہوں نے مقتدر اشرافیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے عمران خان کو اغوا کرکے جیل میں ڈالا ہے، وہ خود کو آئین، قانون اور عدلیہ سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انہیں کسی قسم کی توہین عدالت کا کوئی خوف نہیں ہے۔ سہیل آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر ملک میں صرف طاقتور کا قانون چلے گا اور عدالتی احکامات کو پامال کیا جاتا رہا تو پاکستان ایک ’بنانا ریپبلک‘ (جنگل کا قانون) بن جائے گا، اور اگر عوام بغاوت پر اتر آئے تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم، جس میں قائم مقام چیئرمین اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ جیسے نامور وکلاء شامل ہیں، اس کھلی خلاف ورزی پر توہین عدالت کا باقاعدہ مقدمہ دائر کرے گی، کیونکہ یہ صرف تین ججز کی نہیں بلکہ پوری عدلیہ کی توہین ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھے گئے حالیہ سلوک کے بعد عوام کے جوش، جذبے اور جنون میں کمی کے بجائے دگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی کل سے اپنی عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کر رہی ہے، کل وہ ہنگو اور پرسوں بونیر جائیں گے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور قانون کی بالادستی کے لیے پورے پاکستان میں ایک بھرپور اور فیصلہ کن عوامی تحریک چلائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert