حکومت کو پسند ہو یا نہ ہولیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں

لاہور (قدرت روزنامہ) رہنماء پیپلزپارٹی شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے مطابق حکومت کو ان کی اپنی ٹیم ہی مروا دے گی کسی اور کی ضرورت نہیں۔ اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو پسند ہو یا نہ ہولیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔بجلی پیٹرول غربت پر بات نہیں ہورہی، بلکہ بانی کے ہسپتال معاملے پر بات ہورہی ہے۔
حکومت کو کس چیز کی پریشانی اور ڈر ہے یہ تو حکومت خود بتا سکتی ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو ان کی اپنی ٹیم ہی مروا دے گی کسی اور کی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کب تک خاموش رہیں؟ کب تک مصلحت کا شکار رہیں؟جو بیانیہ سرکار بنارہی وہ غلط ہے، حالات بہتر نہیں اسی لیے معیشت متاثر ہورہی ہے، موجودہ حالات میں صوبوں کی باتیں سمجھ نہیں آرہا ، نئے صوبوں کی باتیں کس امید پر کی جارہی ہیں؟ ملک میں آگ لگی ہوئی ہے اور یہ گھر تقسیم کرنے کی بات کررہے ہیں۔
ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قوم تک حقائق پہنچائیں گے، اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں مشترکہ حکمت عملی کا فیصلہ کیا ہے، 2صوبوں میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں بس تسلیاں دی جارہی ہیں، حکومت کی کوئی پالیسی اور کامیابی نظر نہیں آرہی۔
