نیشنل پارٹی اپنے فیصلے خود کرتی ہے پشتون خواہ میپ کے صوبائی صدر اپنے خیالات خود کےجماعت کے فیصلوں اور قیادت پر مرکوز رکھیں


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ایک واضح سیاسی، جمہوری اور قومی پروگرام رکھنے والی جماعت ہے جو اپنے تمام فیصلے اپنی مرکزی قیادت، آئینی اداروں اور اجتماعی مشاورت کے ذریعے خود کرتی ہے۔ نیشنل پارٹی کسی دوسری سیاسی جماعت کے اندرونی معاملات، تنظیمی فیصلوں یا سیاسی حکمتِ عملی میں مداخلت نہیں کرتی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی یہی جمہوری رویے اور سیاسی رواداری کی توقع رکھتی ہے۔ترجمان نے گزشتہ روز پشتون خواہ میپ کے صوبائی صدر کی جانب سے دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ موصوف خود کی جماعت اور قیادت پر توجہ مرکوز رکھیں ،کسی دوسری سیاسی جماعت کے اندرونی فیصلوں پر اعتراض کرنا، اس کی قیادت کو ہدایات دینا یا اس کے سیاسی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرنا جمہوری اصولوں اور سیاسی اخلاقیات سے متصادم ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنے فیصلے اپنے منشور، آئین، تنظیمی ڈھانچے اور باہمی مشاورت کی بنیاد پر کرنے کا مکمل حق رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جمہوری سوچ اور واضح موقف کی قدر ملک بھر کے تمام جمہوری جماعتیں اور سیاسی شعور رکھنے والے مکتبہ فکر کے لوگ کرتے ہیں۔پارٹی سربراہ نے ہر فورم میں بلوچستان میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کی اور اعتماد کی فضاء کو بحال کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو 17 نقات فراہم کئیے اور نیشنل پارٹی کامل یقین طور پر سمجھتی ہے کہ ان پر عمل درآمد ہی بلوچستان میں امن و سلامتی لا سکتی ہے بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اجتماعی قیادت، ادارہ جاتی فیصلوں، سیاسی مشاورت اور جمہوری اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کے تمام فیصلے شخصی خواہشات یا کسی فرد کی مرضی کے بجائے اجتماعی سوچ، تنظیمی اداروں اور سیاسی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔ مرکزی ترجمان نے کہا ک نیشنل پارٹی بلوچستان میں سیاسی، جمہوری اور قومی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام جمہوری اور قوم پرست قوتوں کے ساتھ باہمی احترام اور اصولی بنیادوں پر سیاسی روابط اور تعاون کی حامی ہے، لیکن کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کو قبول نہیں کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert