درآمدی کوئلے کی خریداری میں اصلاحات سالانہ 38 کروڑ روپے بچت کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاور ڈویژن نے بجلی گھروں کیلئے درآمدی کوئلے کی خریداری میں قیمتوں اور ڈسکاؤنٹس کے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے، جس سے سالانہ تقریباً 38 کروڑ روپے کی بچت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت اجلاسوں میں کوئلے کی خریداری کے معاہدوں اور مارکیٹ پریکٹسز کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق بعض بجلی گھر ایک ہی عالمی بینچ مارک اور سپلائرز سے کوئلہ خریدنے کے باوجود مختلف ڈسکاؤنٹس حاصل کر رہے تھے، جن میں فی میٹرک ٹن 25 سینٹ سے 7.12 ڈالر تک فرق سامنے آیا۔
نئی پالیسی کے تحت بجلی گھروں کو اپنے معاہدہ شدہ سپلائرز میں سے سب سے زیادہ ڈسکاؤنٹ دینے والے سپلائر سے کوئلہ خریدنا ہوگا۔ پاور ڈویژن کے مطابق اس اقدام کیلئے اضافی سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں اور بچت کا فائدہ بالآخر بجلی صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert