پاکستان کے نوجوانوں کو اگر بہتر مستقبل دینا ہے تو نظام میں 5 تبدیلیاں کرنی ہوں گی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اسد عمر نے پاکستان میں نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینے کیلئے نظام میں 5 تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ ایکس پر ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا ہے تو نظام میں 5 تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔ 1) فوج کی سیاسی مداخلت کا خاتمہ 2) سیاستدانوں کا اپنے فوائد کے لئے فوج سے مدد لینا۔
3) تمام سیاستدانوں کا باہمی نیا میثاق جمہوریت ۔ 4) عدلیہ کی آزادی کی بحالی 5) وسائل اور اختیارات کی نچلی سطح پر مقامی حکومت کو منتقلی کرنا ہوگی۔

دوسری جانب صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ کسی کو اچھا لگے نہ لگے، نئے صوبے بنانا ہوں گے،جو اس مقصد میں ساتھ دے گا وہ ساتھ رہے گا ورنہ اس کو جانا ہوگا۔
عبدالعلیم خان سے پارٹی رہنمائوں نے ملاقات کی ہے جہاں پارٹی نے نئے صوبوں کیلئے پارٹی کی سطح پر ٹھوس حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ذاتیات اور سیاسی مفادات سے مقدم اور مقدس ہے۔ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے بغیر عوام کو ریلیف دینا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو اچھا لگے نہ لگے، نئے صوبے بنانا ہوں گے۔ جو اس مقصد میں ساتھ دے گا وہ ساتھ رہے گا ورنہ اس کو جانا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہزارہ صوبے کی طرح بہاولپور صوبے کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، سرائیکی صوبہ، ملتان اور دیگر انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔

WhatsApp
Get Alert