ابوظہبی عالمی نمائش میں نیلامی کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم
انتہائی نایاب نسل کا فالکن 15 لاکھ درہم تقریباً 11 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد میں فروخت ہوگیا

ابوظہبی(قدرت روزنامہ)ابوظہبی میں جاری ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوئسٹریئن ایگزیبیشن (ADIHEX 2026) کے پانچویں مرحلے کی نیلامی میں تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جہاں ایک نایاب الٹرا وائٹ پیور جیر گرموشہ نسل کا فالکن 15 لاکھ درہم (تقریباً 11 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوا ہے۔ نمائش کی انتظامیہ کے مطابق یہ نایاب پرندہ رواں ایڈیشن کی بولیوں میں فروخت ہونے والا سب سے مہنگا ترین فالکن بن گیا ہے، یہ نایاب فالکن امریکہ کے معروف مارک موگلچ فارم کا تیار کردہ ہے، اس پرندے کا وزن 1000 گرام ہے جبکہ اس کی لمبائی اور چوڑائی بالترتیب 16.5 انچ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ فالکن اپنے مکمل سفید پروں اور بہترین جسمانی اور عسکری صلاحیتوں کے باعث بولیاں لگانے والوں کی خاص توجہ کا مرکز بنا رہا، ادنیک گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور گروپ سی ای او حمید مطر الظاہری نے اس ریکارڈ سیل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 لاکھ درہم کی تاریخی بولی ادیھیکس نیلامی کی عالمی حیثیت اور اہمیت کو نمایاں کرتی ہے، یہ کامیابی ابوظہبی کو فالکن پروری کے عالمی مرکز کے طور پر منوانے اور آنے والی نسلوں کے لیے روایتی اماراتی ثقافت کو محفوظ بنانے میں اہم پیشرفت ہے۔
واضح رہے کہ ادیھیکس 2026ء کے اس ایڈیشن میں دنیا بھر اور متحدہ عرب امارات کے مقامی اور بین الاقوامی شاہین بریڈنگ فارمز کے 55 سے زائد معروف ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
