بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید
نوکچاہ میں 11 جبکہ زیارت کراس میں 10 دہشتگرد مارے گئے

کسٹمز ہاوس حملے میں 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید، آئی ایس پی آر
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچاہ اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں سیکیورٹی فورسز کی مثر کارروائیوں کے دوران 21 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتن الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے این-40 کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر مسافروں اور دیگر شہریوں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کرکے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کی۔سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا، جس کے نتیجے میں 11 دہشتگرد موقع پر ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتن الخوارج سے وابستہ دہشتگردوں نے کسٹمز ہاس پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔بیان کے مطابق فرار ہونے والے دہشتگردوں کا بھی سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں انہیں مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنا اور علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنا تھا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افسران اور کسٹمز محکمے کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گرد و نواح میں دہشتگردوں کے خلاف علاقے کو پاک کرنے کی کارروائی جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کی وفاقی اعلی کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
