نوکچہ، چاغی اور زیارت کراس، پشین میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی قابل تحسین ہے، 21 دہشت گردوں کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے،شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ نوکچہ، چاغی اور زیارت کراس، پشین میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی قابل تحسین ہے، 21 دہشت گردوں کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے دہشت گردوں نے قومی شاہراہوں پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے اور کسٹمز حکام کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ان کے عزائم ناکام بنا دیے اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ شہداء قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت پانے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور کسٹمز حکام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت بلوچستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
