دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قابل ستائش ہیں: سردار عبدالرحمن کھیتران
بلوچستان کے عوام نے طویل عرصے سے امن کے لیے بے شمار مشکلات برداشت کی ہیں، خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی

ریاستی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعث فخر ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)سابق صوبائی وزیرو رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین کے زیارت کراس میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔اپنے ایک بیان میں سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا ریاستی ادارے بھرپور انداز میں مقابلہ کر رہے ہیں۔ حالیہ کارروائیوں نے ثابت کیا ہے کہ امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی صلاحیت اور عزم موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے طویل عرصے سے امن کے لیے بے شمار مشکلات برداشت کی ہیں، اب کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ خوف و ہراس کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں، کاروباری سرگرمیوں اور ترقی کے عمل کو متاثر کریسردار عبدالرحمن کھیتران کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ بلوچستان کی معاشی اور سماجی ترقی کو متاثر کرنے کی ایک کوشش بھی ہے۔ امن قائم ہوگا تو روزگار، سرمایہ کاری، تجارت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اس لیے صوبے میں امن کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھنا ہوگا۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے جوانوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ ریاستی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائ کی قربانیاں بلوچستان اور پاکستان کے محفوظ مستقبل کی بنیاد ہیں۔ قوم اپنے شہدائ کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہوکر ریاستی اداروں کا ساتھ دینا ہوگا۔ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور بدامنی پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان کو مزید مستحکم اور پْرامن بنانے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
