ایزی پیسہ صارفین کیلئے اہم سکیورٹی اپ ڈیٹ، مشکوک تبدیلیوں پر 2 گھنٹے کی حفاظتی مدت متعارف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایزی پیسہ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی کے مختلف اقدامات متعارف کرا دیے ہیں، جن میں 2 گھنٹے کا کولنگ آف پیریڈ، لوکیشن بیسڈ لاگ اِن اور ڈیوائس بائنڈنگ شامل ہیں۔
ایزی پیسہ کی آفیشل ویب سائٹ پر اکاؤنٹ سکیورٹی سے متعلق ان نئے فیچرز کو نمایاں کیا گیا ہے، جن کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور مشکوک سرگرمیوں سے مزید محفوظ بنانا ہے۔
ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق 2 گھنٹے کا کولنگ آف پیریڈ صارفین کو اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے، اس حفاظتی مدت کا مقصد اکاؤنٹ میں بعض اہم تبدیلیوں کے فوری بعد ہونے والی ممکنہ غیر مجاز سرگرمیوں کے خطرے کو کم کرنا ہے، تاکہ صارف کو کسی مشکوک تبدیلی کی صورت میں بروقت کارروائی کا موقع مل سکے۔
ایزی پیسہ کی جانب سے لوکیشن بیسڈ لاگ اِن کو بھی سکیورٹی فیچرز میں شامل کیا گیا ہے اس نظام کے ذریعے صارف کے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کے عمل کو لوکیشن سے منسلک کرکے اکاؤنٹ کی حفاظت مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیوائس بائنڈنگ کے ذریعے صارف کے اکاؤنٹ کو متعلقہ ڈیوائس کے ساتھ منسلک رکھنے کا سکیورٹی نظام بھی موجود ہے، جس سے کسی دوسرے یا غیر مجاز ڈیوائس سے اکاؤنٹ تک رسائی کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایزی پیسہ نے اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے بائیومیٹرک سکیورٹی کو بھی اہمیت دی ہے، جس کے ذریعے صارف کی شناخت کی تصدیق کے عمل کو مزید محفوظ بنایا جاتا ہے۔
کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر صارفین کو اکاؤنٹ سکیورٹی کے حوالے سے محتاط رہنے اور مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یوں ایزی پیسہ کے مطابق سکیورٹی کے یہ اقدامات صارفین کے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی، مشکوک لاگ اِن اور ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں،صارفین ایزی پیسہ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاکر ان سکیورٹی فیچرز سمیت اور مزیدتازہ معلومات کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert