بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بینیفشری خواتین کیلیے اہم خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے تمام بینیفشری خواتین کیلیے اہم پیغام جاری کر دیا۔

ترجمان بی آئی ایس پی کی طرف سے جاری بیان میں بینیفشری خواتین سے کہا گیا کہ آپ کے وظائف کی رقم حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے اور اس رقم پر صرف اور صرف آپ کا حق ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی شخص کو یہ اختیار نہیں کہ وہ آپ کے وظائف کی ادائیگی رکوائے، آپ سے رقم کا مطالبہ کرے یا آپ کے وظیفے میں کسی قسم کی کٹوتی کرے، لہٰذا کسی بھی قسم کی دھمکی یا بلیک میلنگ میں نہ آئیں اور اپنے وظائف کی رقم بلا کسی کٹوتی کے پوری وصول کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص آپ کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالے یا آپ سے رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر ہیلپ لائن 080026477 پر اطلاع دیں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کیلیے مفت سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے والی خواتین کیلیے 10 ستمبر تک اپنے قریب ترین بی آئی ایس پی دفتر سے مفت سم حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بی آئی ایس پی حکام نے خبردار کیا کہ جن مستحق خواتین نے ابھی تک اپنی مفت بے نظیر سم حاصل نہیں کی، ان کے اکاؤنٹس میں بے نظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط کی رقم منتقل نہیں کی جا سکے گی۔

WhatsApp
Get Alert