دنیا کی بلند ترین عمارت کا تاج دبئی سے سعودی عرب منتقل ہونے کو تیار، آسمان چھوتا جدہ ٹاور 454 میٹر تک پہنچ گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کا زیرِ تعمیر جدہ ٹاور مکمل ہونے کے بعد دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز حاصل کرلے گا، جو اس وقت دبئی کے برج خلیفہ کے پاس ہے۔
جدہ ٹاور کی تعمیر کے دوران ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے اور عمارت کی بلندی اب 454 میٹر تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جدہ ٹاور کو معروف آرکیٹیکچر فرم Adrian Smith + Gordon Gill (AS+GG) نے ڈیزائن کیا ہے، جبکہ اس کی تعمیر سعودی بن لادن گروپ کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جدہ ٹاور اب تک 113 منزلوں تک تعمیر ہوچکا ہے اور 454 میٹر بلندی کے ساتھ اس نے ملائیشیا کے مشہور پیٹروناس ٹاورز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو ایک وقت میں دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوتے تھے۔
تعمیر مکمل ہونے کے بعد جدہ ٹاور کی بلندی تقریباً 3,280 فٹ تک پہنچ جائے گی، یوں یہ دنیا کی پہلی ایک کلومیٹر سے زیادہ بلند عمارت بن جائے گی۔
اس وقت دبئی کا برج خلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہے، جس کی بلندی 2,722 فٹ اور 163 منزلیں ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ برج خلیفہ کا ڈیزائن بھی ایڈرین اسمتھ نے تیار کیا تھا، تاہم اس وقت وہ ایک مختلف آرکیٹیکچر فرم سے وابستہ تھے۔

WhatsApp
Get Alert