”میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پر لے آئیں“ “اور میں یہاں دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں بیچ رہی ہوں“ نامور پاکستانی اداکارہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ماضی میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے والی نامور ٹی وی اور اسٹیج آرٹسٹ مسکان ملک آج کسمپرسی اور شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
بدلتے وقت، بے روزگاری اور مالی مشکلات نے سابقہ اداکارہ کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ وہ اپنے بیمار شوہر اور خاندان کی کفالت کے لیے کوئٹہ میں سڑک کنارے دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
شوبز کی دنیا کی چمک دمک سے دور مسکان ملک کا کہنا ہے کہ حالات اور مجبوریاں انہیں سڑک پر لے آئی ہیں، تاہم انہوں نے اپنے فنکار ہونے سے دستبرداری اختیار نہیں کی۔
مسکان ملک کے مطابق، ’’میری مجبوریاں مجھے کھینچ کر سڑک پر لے آئیں اور میں یہاں دودھ کی ٹھنڈی بوتلیں بیچ رہی ہوں، لیکن میں نے اپنے فنکار ہونے سے انکار نہیں کیا۔ میں اب بھی اس انتظار میں بیٹھی ہوں کہ مجھے کام ملے گا اور میں کام کروں گی۔‘‘
سابقہ اداکارہ نے اپنی مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرائے کے گھر میں رہتی ہیں، جہاں بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے ساتھ پانی کے ٹینکر اور بیماری کے اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات صرف بجلی اور گیس کے بل ہی 20 سے 25 ہزار روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔
مسکان ملک کو حکومتی آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے تحت ماہانہ 10 ہزار روپے مالی معاونت بھی ملتی ہے، تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عمر بھر فن کے ذریعے لوگوں کو محظوظ کرنے والے مستحق فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر اور مستقل اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

WhatsApp
Get Alert