جتنی آبادی ہے بدین سے گھوٹکی تک سندھ کو کراچی اور رحیم یارخان سے اٹک تک پنجاب کو لاہورسے نہیں چلایا جاسکتا: احسن اقبال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حل یہی ہےکہ 160 اختیاروالی ضلعی حکومتیں بنادیں یا 12سے 15 صوبے بنادیے جائیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ جتنی بڑی آبادی ہے بدین سے گھوٹکی تک پورا صوبہ کراچی سے نہیں چلایا جاسکتا، رحیم یارخان سے اٹک تک پنجاب کو لاہورسے نہیں چلایا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ڈی آئی خان سےچترال تک پشاورسے چلائیں، بلوچستان کو پسنی سےژوب،قلعہ سیف اللہ تک کوئٹہ سیکرٹریٹ سے چلائیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ حل یہی ہےکہ 160 اختیار والی ضلعی حکومتیں بنادیں یا 12سے 15 صوبے بنادیے جائیں، ہمارے ہمسایہ ملک میں1947 کے بعد درجن نئے صوبے بن چکے ہیں، اس مرکزیت کے ساتھ جو آبادی کا دباؤ ہے، سسٹم اوورلوڈڈ ہے لہٰذا انتظامی طور پرسسٹم میں توازن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ متنازع بات نہیں کرنا چاہتا، سندھ اسمبلی کا استحقاق ہے وہ اپنی قرارداد پاس کرسکتی ہے، پاکستان کے عوام کو اچھی تعلیم، صحت، صفائی اور صاف پانی چاہیے، یہ تمام ایشوزکسی سیاسی نعرے یا سیاسی جماعت کے مفاد سے بڑے ہیں۔
