اس حکومت نے عوام کے انسو نکال دیئے ہیں، فواد چوہدری
عوام کے ووٹوں سے حکومت نہیں آئی، ان کو اب عوام کی پروا نہیں ہے، یہ لوگ جہاز پکڑتے ہیں کبھی کسی ملک کبھی کسی ملک نکل پڑتے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ملک میں سیاسی و آئینی ری سیٹ اور قومی حکومت کے تحت نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ٹرائل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال میں 15 بچے جل گئے لیکن دونوں وزراء مصطفیٰ کمال اور مختار بھرت بے شرم ہو کر اب بھی اپنی سیٹوں پر براجمان ہیں، شہباز شریف متاثرہ بچوں کو دیکھنے پمز اسپتال نہیں گئے بلکہ اپنے 43 ویں بیرون ملک دورے پر روانہ ہوگئے، یہ لوگ ہر وقت جہاز پکڑ کر کبھی ایک ملک تو کبھی دوسرے ملک نکل پڑتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے ووٹوں سے نہ آنے کی وجہ سے اس حکومت کو عوام کی کوئی پروا نہیں ہے، ملک میں روزانہ شہادتیں ہو رہی ہیں جبکہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے پاکستانی عوام کے آنسو نکال دیئے گئے ہیں، شہباز شریف زندگی میں 17 بجٹ پیش کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ مکمل طور پر کلیولیس ہیں کہ انہیں آگے کرنا کیا ہے؟۔
مریم نواز اور پنجاب حکومت پر طنز کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 10 سے 15 ہزار روپے کو کرپشن سمجھتی ہیں اور اس پر کارروائیاں ہوتی ہیں، لیکن 40 سے 50 کروڑ روپے کی کرپشن کو کک بیکس سمجھا جاتا ہے، اس لیے وہ ان کی نظر میں کرپشن ہی نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سندھ اسمبلی میں ہونے والی حالیہ تقریر کے بعد اب عمران خان اور مولانا فضل الرحمان جیسے اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ نئے صوبے بنانے کے نقطے پر باقاعدہ بات چیت ہونی چاہیے، موجودہ پاکستانی سسٹم کو فوری ری سیٹ کی ضرورت ہے اور ملک میں صرف قومی حکومت کے تحت ہونے والے آزادانہ و منصفانہ انتخابات ہی سے حقیقی عوامی حکومت قائم ہو سکتی ہے۔
