نیٹ میٹرنگ ! سولر صارفین کو بڑی سہولت مل گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی حیثیت آن لائن پورٹل کے ذریعے چیک کرنے کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جبکہ نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی سے متعلق 11 ہزار 695 زیرالتوا درخواستیں حل کر دی گئی ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے عمل میں زیرالتوا درخواستوں پر پیش رفت کی گئی۔ مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرالتوا تھیں، جن میں سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (PITC) نے 11 ہزار 695 صارفین سے میسج اور واٹس ایپ کے ذریعے براہ راست رابطہ کیا۔
پاور ڈویژن کے ترجمان نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی فرد کو کوئی فیس ادا نہ کریں۔ ترجمان کے مطابق صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی موجودہ حیثیت آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی معلوم کر سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صارفین سے براہ راست رابطے کا مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ درخواستوں کی تصدیق کا بنیادی مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔ ان کے مطابق حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے ایک شفاف اور پائیدار نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔
