برائن لارا نے بھی سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں آواز اٹھا دی
سمجھ نہیں آرہی کہ عمران خان کو اس ہمدردی اور وقار کے ساتھ طبی علاج کی سہولیات کیوں نہیں فراہم کی جارہیں جس کے وہ حق دار ہیں : سابق ویسٹ انڈین کپتان

لاہور(قدرت روزنامہ)لیجنڈری ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا نے بھی پاکستان کے ورلڈ کپ 1992ء کے فاتح کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں آواز اٹھادی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اپنی سٹوری میں 57 سالہ برائن لارا نے پاکستان کے کرکٹ لیجنڈ عمران خان کی صحت اور زیر حراست علاج پر بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان ان کے لیے وقار اور آزاد طبی امداد کی اپیل کی ہے۔
برائن لارا کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ عمران خان کو اس ہمدردی اور وقار کے ساتھ طبی علاج کی سہولیات کیوں نہیں فراہم کی جارہیں جس کے وہ حق دار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی سیاست نہیں بلکہ یہ کرکٹ کے ایک لیجنڈ کے ساتھ بنیاد انسانی سلوک کے لیے کی جانے والی ایک اپیل ہے۔یہ کرکٹ کی دنیا کی ایک طاقتور آواز ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹر کے انسانی علاج اور مناسب طبی توجہ کا مطالبہ کررہی ہے۔
واضح رہے کہ لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد اور آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے بھی گزشتہ ہفتے عمران خان کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔
