پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتا ہے، امن اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)مسلح افواج نے یوم دفاع و شہدا پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے،پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہدا کو خراج عقیدت جبکہ ان کے خاندانوں کو سلام پیش کیا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ 6ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے،6ستمبر 1965 کو پاکستانی قوم مادر وطن کے دفاع کیلئے متحد ہوکر کھڑی ہوئی،شہدائے پاکستان فرض، عزت اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثال ہیں۔
