بلاول صاحب! بتائیں ہمارے راستے میں کھڈے کون کھود رہا ہے، سہیل آفریدی کا سوال

حیدرآباد (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی نے سندھ میں پی ٹی آئی کے قافلے کے راستے میں حائل رکاوٹوں اور کنٹینرز پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کھل کر بتائیں کہ اس سب کے پیچھے کون سی قوتیں کارفرما ہیں۔ سندھ کے دورے کے دوران ٹنڈو جام بائی پاس پر جمع ہونے والے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی نے کہا کہ کل بلاول بھٹو زرداری نے ہمیں سندھ آمد پر خوش آمدید کہا، لیکن عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے راستے میں جگہ جگہ کھڈے کھودے جا رہے ہیں اور کنٹینر لگائے جا رہے ہیں، سندھ کی غیور عوام اپنے مہمانوں کے ساتھ ایسا ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
کل بلاول زرداری نے مجھے ویلکم کہا، میں انہیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ راستے میں کھڈے کھودے جارہے ہیں اور کنٹینر لگائے جارہے ہیں اور سندھ کے عوام اپنے مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں برداشت کریں گے۔ اگر یہ سب سندھ حکومت نہیں کررہی تو جو یہ کررہا ہے اس کا نام لو، سہیل آفریدی pic.twitter.com/8PYmMaKpnr
— Rizwan Ghilzai (Remembering Arshad Sharif) (@rizwanghilzai) September 6, 2026
سہیل آفریدی نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال پر اپنی صفائی پیش کریں، اگر یہ سب کچھ سندھ حکومت خود نہیں کر رہی، تو پھر آگے آ کر اس کا نام لیں جو یہ سب کروا رہا ہے، بلاول بتائیں کہ آج ہمارے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ آپ کو اس معاملے پر نام لینا پڑے گا ورنہ سندھ کی عوام اپوزیشن کے ساتھ اس طرح کے رویے پر آپ کو معاف نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ان کا قافلہ مسلسل پیش قدمی کر رہا ہے، آج ہم حیدرآباد اور کراچی کی جانب سفر کر رہے ہیں اور حیدرآباد میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بعد سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کی جانب روانہ ہوں گے۔
