سینئر صحافی بلال غوری کو این سی سی آئی اے نے گرفتار کرلیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل سائبر کرائم اینڈ انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سینئر صحافی اور تجزیہ کار بلال غوری کو سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر مبینہ طور پر جھوٹی اور گمراہ کن گفتگو کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا، ایجنسی کی جانب سے صحافی بلال غوری کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق بلال غوری کے خلاف مقدمے کا اندراج رات 12 بج کر 10 منٹ پر کیا گیا، جس کے بعد ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا، ایف آئی آر میں عائد کیے گئے الزامات میں کہا گیا ہے کہ بلال غوری نے 5 ستمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کی اور 16 منٹ کی یوٹیوب ویڈیو اپ لوڈ کی، جس میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے کوآرڈینیٹر کی تقرری پر گفتگو کی گئی تھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بلال غوری کی جانب سے کوآرڈینیٹر نیکٹا کی تعیناتی کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو بالکل من گھڑت، بے بنیاد اور سنگین الزامات پر مبنی تھی، انکوائری کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ صحافی نے جان بوجھ کر ناصرف من گھڑت مواد تیار کیا بلکہ اس کی وسیع پیمانے پر تشہیر بھی کی، جو بغیر کسی ٹھوس شواہد کے جھوٹی اور عوام کو گمراہ کرنے والی کوشش تھی۔

WhatsApp
Get Alert