سم اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا تحفظ، پی ٹی اے نے صارفین کو اہم ہدایات جاری کردیں

کراچی (قدرت روزنامہ)سائبر جرائم میں اضافے کے باعث موبائل صارفین کے لیے اپنی سم اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا تحفظ پہلے سے زیادہ اہم ہوگیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے موبائل نمبرز اور ان سے منسلک اکاؤنٹس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر استعمال شدہ یا ری سائیکل ہونے والا موبائل نمبر صارف کے سوشل میڈیا اور مالیاتی اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی کا خطرہ پیدا کرسکتا ہے۔ ایسے نمبرز اگر کسی دوسرے صارف کو جاری ہوجائیں تو پرانے اکاؤنٹس سے منسلک رہنے کی صورت میں سیکیورٹی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل نمبر سے منسلک اکاؤنٹس اور معلومات کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھیں۔ اگر کوئی پرانا موبائل نمبر استعمال میں نہیں رہا تو اسے مختلف سوشل میڈیا، بینکنگ اور دیگر ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے ہٹانا ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف مضبوط پاس ورڈ رکھنا کافی نہیں بلکہ جہاں ممکن ہو اضافی حفاظتی اقدامات بھی فعال کرنے چاہئیں۔ صارفین اپنے اہم اکاؤنٹس پر دو مرحلہ تصدیقی نظام سمیت دستیاب سیکیورٹی خصوصیات کو فعال کرسکتے ہیں تاکہ غیر متعلقہ افراد کے لیے اکاؤنٹ تک رسائی مشکل بنائی جاسکے۔
پی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق صارفین کو اپنے موبائل نمبرز کی موجودہ حیثیت پر بھی نظر رکھنی چاہیے اور ایسے نمبرز سے منسلک اکاؤنٹس کو بروقت اپ ڈیٹ کرنا چاہیے جو اب استعمال میں نہیں ہیں۔
ڈیجیٹل دور میں موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ سوشل میڈیا، ای میل، مالیاتی خدمات اور دیگر آن لائن اکاؤنٹس سے بھی منسلک ہوتا ہے۔ اس لیے کسی پرانے یا غیر فعال نمبر کو اکاؤنٹس سے منسلک رکھنا صارف کے لیے سیکیورٹی خطرہ بن سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، مالی معاملات اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے زیر استعمال نمبرز اور آن لائن اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو نظر انداز نہ کریں۔
