بیرون ملک جانے والے خبردار،حکومت نےبڑی پابندی لگا دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ویکسینیشن کے عمل کو لازمی قرار دیتے ہوئے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیا ہے، جہاں مسافروں کو سفر سے قبل مطلوبہ ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سفر کے لیے مسافروں کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے گی تاکہ بیرونِ ملک سفر کے دوران صحت سے متعلق تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔
ہوائی اڈوں پر خصوصی کاؤنٹرز
وفاقی وزیر صحت کے مطابق مسافروں کی سہولت اور ویکسینیشن ریکارڈ کی تصدیق کے لیے ہوائی اڈوں پر ہیلتھ اور نادرا کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے،انہوں نے پاکستان آنے اور بیرونِ ملک جانے والے مسافروں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ ملک کے تقاضوں کے مطابق ضروری ویکسینیشن مکمل کروائیں اور اس کا ریکارڈ اپنے پاس رکھیں۔
حج و عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایت
مصطفیٰ کمال نے حج اور عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے والے افراد کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ گردن توڑ بخار کی ویکسینیشن کا درست اور قابلِ تصدیق سرٹیفکیٹ لازماً اپنے ہمراہ رکھیں،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سفر کے دوران ویکسینیشن کے تقاضوں کو پورا کرنا مسافروں کی اپنی صحت کے ساتھ ساتھ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے بھی اہم ہے۔
ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس کا اجرا
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت انفلوئنزا، گردن توڑ بخار اور پولیو سمیت مختلف بیماریوں سے متعلق ویکسینیشن کے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ویکسینیشن کے ریکارڈ کو زیادہ منظم انداز میں محفوظ اور ضرورت کے وقت تصدیق کیا جاسکے گا۔
قومی شناختی کارڈ سے ہیلتھ ریکارڈ منسلک کرنے کا منصوبہ
مصطفیٰ کمال نے شہریوں کے طبی ریکارڈ کو قومی شناختی کارڈ نمبرز سے منسلک کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی شہریوں کا جامع ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر صحت نے امید ظاہر کی کہ حکومت یا انتظامیہ میں تبدیلی کے باوجود ڈیجیٹل ویکسی نیشن اور ہیلتھ ریکارڈ کا یہ نظام جاری رہے گا، جس سے صحت کے شعبے میں ریکارڈ کے تحفظ اور خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert