بیٹے نے شہادت کے جذبے سے سیکیورٹی ادارے میں شمولیت اختیارکی اورشہادت پائی، والد شہید لانس نائیک نورحسن

لاہور(قدرت روزنامہ)یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہےاس موقع پر ایف سی بلوچستان کے شہید لانس نائیک نورحسن کے والد گل حسن نے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کا والد ہونا ان کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔
لانس نائیک نورحسن شہید کے والد گل حسن کا کہنا تھا کہ اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کرنے کا غم اپنی جگہ، تاہم انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کے بیٹے نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جان قربان کی،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا سے ہی ہماری بقا وابستہ ہے اور ملک کے لیے جان دینے والے سپوت پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
شہادت کا جذبہ
گل حسن کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے وطن کی خدمت اور شہادت کے جذبے کے ساتھ سیکیورٹی ادارے میں شمولیت اختیار کی تھی ،لانس نائیک نورحسن نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا اعلیٰ رتبہ حاصل کیا،ان کا کہنا تھا کہ نورحسن کے دل میں ملک کی خدمت کا جذبہ نمایاں تھا اور اس نے اپنی ذمہ داریوں کو ہمیشہ اہمیت دی۔
بہادر اور نڈر سپاہی
شہید کے والد نے اپنے بیٹے کو بہادر، دلیر اور نڈر فوجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لانس نائیک نورحسن ایک ایسے سپاہی تھے جنہیں اپنے فرائض کی ادائیگی اور وطن کی حفاظت پر فخر تھا۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی قربانی خاندان کے لیے ایک بڑا صدمہ ضرور ہے، لیکن نورحسن کی شہادت نے انہیں یہ حوصلہ بھی دیا ہے کہ ان کے بیٹے نے ملک و قوم کے لیے اپنی جان قربان کی۔
آخری آرام گاہ پر قومی پرچم
گل حسن نے بتایا کہ لانس نائیک نورحسن شہید کی آخری آرام گاہ پر قومی پرچم نصب کیا گیا ہے، جسے ہر سال عید کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے، شہید کی قبر پر لہراتا قومی پرچم ان کے لیے بیٹے کی قربانی، وطن سے محبت اور پاکستان کے ساتھ وفاداری کی علامت ہے۔
وطن کے لیے دوبارہ قربانی کا عزم
شہید کے والد نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کبھی وطن کو ان کی ضرورت پڑی تو وہ بھی پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
گل حسن کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ یومِ دفاع و شہداء ہمیں ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کے دفاع کے لیے ان کے جذبے کو سلام پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی تاریخ رقم کی اور قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
Video Player
