ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں بڑی تبدیلی، پنشن میں بھی اضافہ

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اپنے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کیلئے تنخواہوں، مختلف الاؤنسز اور پنشن میں اضافے سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیسکو انتظامیہ نے ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنے کیلئے تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ان فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جس کے بعد پیسکو کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو اضافی مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری
پیسکو کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے ملازمین کو یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے،اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے تناظر میں ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
گریڈ ایک سے 22 تک ملازمین کیلئے 15 فیصد الاؤنس
پیسکو انتظامیہ نے گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری بھی دے دی ہے،اعلامیے کے مطابق ملازمین کو 15 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دیا جائے گا۔
جس کا حساب 30 جون 2022 کو مقرر بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا،پیسکو نے واضح کیا ہے کہ اس الاؤنس کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط بھی لاگو ہوں گے۔
کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ
اعلامیے کے مطابق پیسکو ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے،کمپنی انتظامیہ نے ملازمین کے کنوینس الاؤنس کی شرح میں 50 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملازمین کو آمدورفت کے اخراجات پورے کرنے میں اضافی مالی سہولت ملے گی،یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملازمین کیلئے سفری اور دیگر روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
معذور ملازمین کیلئے خصوصی سہولت
پیسکو نے معذور ملازمین کیلئے خصوصی کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کر دیا ہے،اعلامیے کے مطابق معذور پیسکو ملازمین کو دیا جانے والا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد معذور ملازمین کو پہلے کے مقابلے میں 4 ہزار روپے ماہانہ اضافی خصوصی کنوینس الاؤنس ملے گا،پیسکو انتظامیہ نے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی مالی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیسکو کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے،پنشن میں اضافے کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جس کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کو بڑھائی گئی پنشن ملے گی۔
یکم جولائی سے اطلاق ہوگا
اعلامیے کے مطابق تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن سے متعلق کیے گئے اہم فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا،نئے فیصلوں کے تحت حاضر سروس ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس، ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس اور کنوینس الاؤنس میں اضافے کا فائدہ ہوگا، جبکہ معذور ملازمین کیلئے خصوصی کنوینس الاؤنس بڑھایا گیا ہے۔
دوسری جانب ریٹائرڈ پیسکو ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ بھی یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا، جس سے ہزاروں موجودہ اور سابق ملازمین کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
