مدینہ منورہ سے کراچی کیلئے سستی ایئرلائن کی پروازیں شروع، مسافروں کیلئے بڑی سہولت

کراچی (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کی بجٹ ایئرلائن flyadeal نے مدینہ اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے، جس سے دونوں شہروں کے درمیان فضائی رابطہ مزید بہتر ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئرلائن نے اس نئے روٹ پر ہفتہ وار دو پروازیں شروع کی ہیں، جبکہ مدینہ سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز کراچی پہنچ چکی ہے۔
یہ نئی سروس ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی سفر کی طلب برقرار ہے، فلائی ڈیل سعودی عرب کے سعودی گروپ کا کم لاگت والا کیرئیر ہے اور نئی پروازوں کے ذریعے پاکستان کے لیے اپنے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت دے رہا ہے۔
186 نشستوں والا طیارہ پروازیں چلائے گا
مدینہ اور کراچی کے درمیان شروع کی گئی پروازیں Airbus A320neo طیارے کے ذریعے چلائی جائیں گی، طیارے میں مجموعی طور پر 186 نشستیں ہیں اور تمام نشستیں اکانومی کلاس پر مشتمل ہیں۔
مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سیٹ پر USB-A یا USB-C چارجنگ پورٹس فراہم کی گئی ہیں ، اس کے علاوہ طیارے میں بڑے اوور ہیڈ بِنز بھی موجود ہیں، جس سے مسافروں کو سامان رکھنے میں آسانی ملتی ہے۔
طیارے کے کیبن میں موڈ لائٹنگ بھی شامل ہے، جو سفر کے دوران مسافروں کے لیے زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرتی ہے یوں نئی سروس میں صرف فضائی رابطے کو ہی نہیں بلکہ مسافروں کے مجموعی سفری تجربے کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
پاکستان کیلئے flyadeal کا نیٹ ورک مزید وسیع
مدینہ، ریاض اور جدہ کے بعد کراچی سے منسلک ہونے والا تیسرا سعودی شہر بن گیا ہے ، نئی پروازوں کے آغاز کے ساتھ فلائی ڈیل کے پاکستان کیلئے روٹس کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق پاکستان اس کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں اہم مارکیٹ بن چکا ہے اور نئی مدینہ-کراچی سروس اسی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی کوشش ہے۔
نئی پروازوں سے کراچی کے مسافروں کو مدینہ تک براہِ راست سفر کا ایک اور آپشن دستیاب ہوگیا ہے خاص طور پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے اس روٹ کا آغاز فضائی سفری سہولت میں ایک اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert