کوٹری کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی حادثے کا شکار، ریلوے ملازم جاں بحق

کوٹری (قدرت روزنامہ)ٹرینوں کے حادثات معمول بن گئے، صوبہ سندھ کے شہر جامشورو میں کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلے سے بھری مال بردار گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ حادثے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق ہوگیا۔

ریلوے پولیس کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلے سے بھری مال بردار گاڑی کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، جہاں مین ٹریک پر مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم حادثے کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔

حادثے کے بعد مال گاڑی میں موجود بڑی مقدار میں کوئلہ بھی اطراف میں بکھر گیا جب کہ بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے ٹریک کا کئی فٹ حصہ بھی زمین سے اکھڑ گیا اور ٹریک کو نقصان پہنچا۔

ریلوے حکام کے مطابق بوگیاں ڈی ریل ہونے کے باعث اپ ٹریک بلاک ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس ٹریک پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے تاہم ڈاؤن ٹریک سے ٹرینوں کی آمدورفت جاری رکھی جارہی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کراچی سے ریلیف ٹرین روانہ کردی گئی ہے، جو رات 8 بجے تک کوٹری پہنچے گی۔ ریلیف ٹرین کے ذریعے ڈی ریل ہونے والی بوگیوں کو ہٹانے اور متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے کا کام کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق کوشش ہے کہ اپ ٹریک کو رات کے وقت ہی کلیئر کرکے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی جائے۔ حادثے کے بعد ریلوے عملہ اور متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert