ہر لیول پر کرپشن ہورہی ہے، کوئی تجویز دوں تو بیوروکریٹ عمل ہی نہیں کرتے، وفاقی وزیر سرمایہ کاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے حکومتی نظام، انتظامی سستی اور بیوروکریسی میں موجود کرپشن پر شدید دلبرداشتگی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم نے ڈھائی سال کے عرصے میں انہیں ایک منٹ کا وقت بھی نہیں دیا، اگر جلد ملاقات نہ ہوئی تو وہ وزارت سے مستعفی ہو جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں حکومتی ناکامیوں اور اندرونی انتظامی رکاوٹوں پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنا 60 سالہ تجربہ استعمال کر رہا ہوں لیکن شدید تکلیف میں ہوں کیونکہ میں وہ نتائج نہیں دے پا رہا جس کی توقع تھی، یہاں ہر سطح پر کرپشن ہو رہی ہے، میں پوری محنت کے بعد جب فائلیں آگے بڑھاتا ہوں تو بیوروکریٹس اس پر عمل درآمد ہی نہیں کرتے۔
ہر لیول پر کرپشن ہورہی ہے، کوئی تجویز دوں تو بیوروکریٹ عمل ہی نہیں کرتے، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر شیخ #ARYNews pic.twitter.com/I4Te9GhqmM
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) September 7, 2026
وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی جانب سے وقت نہ دیئے جانے پر شدید شکوہ کیا اور کہا کہ گزشتہ ڈھائی سالہ طویل عرصے کے دوران وزیراعظم نے انہیں ایک منٹ کے لیے بھی بالمشافہ ملاقات کا وقت نہیں دیا، محسن نقوی چونکہ وزیر داخلہ ہیں، شاید اس لیے وزیراعظم ان سے زیادہ ملتے ہیں اور انہیں وقت مل جاتا ہے، میں نے کئی بار سنجیدگی سے سوچا ہے کہ اپنی وزارت چھوڑ دوں، اب بھی یہی کوشش ہے کہ وزیراعظم سے جلد ملاقات ہو جائے، ورنہ میں اپنا عہدہ چھوڑ کر الگ ہو جاؤں گا۔
