’کھلاؤ کھانا شانا، کوئی دیو تین چار ہزار بس، زیادہ نہیں، آپ بھائی ہو!‘

شہری نے اسلام آباد پولیس کے اہلکار کی رشوت مانگتے ہوئے ویڈیو بناکر وائرل کردی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکار کے رشوت مانگنے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں اہلکار قانون کی پاسداری کرانے کے بجائے شہری کے ساتھ کھلے عام رقم کا سودا کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس موبائل فون سے بنی ہوئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی نیلی شرٹ اور گلے میں رومال ڈالے ایک اہلکار نے سڑک پر ایک کار سوار شہری کو روکا، جہاں اس اہلکار نے قانونی اقدام کرنے کے بجائے گاڑی کی کھڑکی پر جھک کر رشوت کا مطالبہ شروع کردیا۔
ویڈیو میں اہلکار کو نہایت دوستانہ اور ’ہمدردانہ‘ انداز میں شہری سے مول بھاؤ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس میں اہلکار کہتا ہے کہ ’کوئی کھانا شانا کھلاؤ، بس تین چار ہزار دو، زیادہ نہیں، آپ بھائی ہو، ویسے تو چار ہزار روپے کا چالان بنتا ہے لیکن آپ مجھے تین ہزار دے دو، چلو کچھ نہیں ہوتا‘۔


ویڈیو کے مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور سے کاغذات چیک کرنے کے بعد اس کو واپس کر رہا ہے، ایک طرف وہ شہری کو بھائی کہہ کر رعایت دینے کا دلاسہ دے رہا ہے تو دوسری جانب رقم کی وصولی پر زور دے رہا ہے، تاہم، کار سوار شہری نے نہایت چالاکی سے اس تمام گفتگو اور رقم کے لین دین کے مطالبے کی ویڈیو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کرلی، جو اب سوشل میڈیا کے تمام اہم پلیٹ فارمز پر وائرل ہوچکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert