ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا

پشاور(قدرت روزنامہ) ہاؤسنگ اسکیموں کی فزیکل ویریفکیشن کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں اور عمارتوں کے منصوبوں کی فزیکل ویریفکیشن کا بڑا فیصلہ کرلیا۔

اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کی جانب سے منظور شدہ ہاؤسنگ و بلڈنگ پلانز کی جانچ پڑتال کا نیا طریقہ کار اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جنہیں منظور شدہ منصوبوں کا موقع پر جا کر معائنہ اور تصدیق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہر ضلعی کمیٹی اپنے علاقے میں کم از کم 10 کمرشل اور 5 رہائشی بلڈنگ پلانز کی فزیکل ویریفکیشن کرنے کی پابند ہو گی۔

کمیٹیاں اس بات کا جائزہ لیں گی کہ موقع پر کی گئی تعمیرات منظور شدہ بلڈنگ پلانز، ماسٹر پلان اور لینڈ یوز پلان کے مطابق ہیں یا نہیں۔

جانچ پڑتال کے دوران عمارت کی منزلوں ، اونچائی، پارکنگ کی سہولت اور دیگر بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز پر عملدرآمد کو باریکی سے دیکھا جائے گا۔

محکمہ بلدیات نے تمام ضلعی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ فزیکل ویریفکیشن کا تمام عمل مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert