برطانیہ میں فضائی نظام درہم برہم، 1000 سے زائد پروازیں متاثر

لندن(قدرت روزنامہ) برطانیہ میں فضائی نظام مکمل طور پر کریش کرگیا، جس کے سبب ہزاروں ملکی و غیر ملکی افراد کرب میں مبتلا ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث پورے ملک میں کام کاج متاثر ہوا، جس کے سبب برطانیہ کے ایئرپورٹس پر تقریباً 1000 پروازوں کو مسنوخ کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (این اے ٹی ایس) کی جانب سے تکنیکی خرابی کی اطلاع دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں ایک بڑے مسئلہ کی شناخت کر لی گئی ہے اور انجینئر اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لندن میں واقع ’ہیتھرو ایئرپورٹ‘ سمیت برطانیہ کے دیگر ایئر پورٹس سے آمد و رفت کرنے والی تقریباً 1000 فلائٹیں منسوخ کردی گئی ہیں، جس کے باعث برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، کے ایل ایم اور لفتھانسا جیسی بڑی ایئر لائنز کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
تکنیکی خرابی کے باوجود ہوائی خدمات کا سلسلہ جاری ہے اور برٹش ایئر اسپیس کھلا رہا، لیکن رکاوٹ کی وجہ سے آپریشنز کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے ٹی ایس نے بعد میں بتایا کہ اس نے مسئلے کے حل پر عمل درآمد کیا ہے اور سسٹم اب معمول پر آگئے ہیں۔
این اے ٹی ایس کے مطابق فلائٹ پروسیسنگ سسٹم کو ٹھیک کر لیا ہے، حالانکہ برطانیہ کے 15 ایئر پورٹس اور دیگر مقامات پر پروازوں کا مسئلہ برقرار رہا، کیونکہ ایئر لائنس اور ہوائی اڈے خلل پڑنے والی پروازوں کا ایک بہت بڑا بیک لاگ صاف کرنے میں مصروف تھے۔
واضح رہے کہ 2024 میں بھی برطانیہ ایوی ایشن نیٹ ورک ریگولیٹر نے کہا تھا کہ این اے ٹی ایس کو اپنے ہنگامی انتظامات کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ گزشتہ سال فلائٹ پلان پروسیسنگ میں خرابی کی وجہ سے افرا تفری پھیل گئی تھی۔
