رانا ثناءاللہ بتائیں آپ یا وزیراعظم کتنے با اختیار ہیں؟ یہ آپ اور دوسرے سب بھی جانتے ہیں، جاوید لطیف

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث اور اپنی ہی پارٹی کے اندرونی ڈھانچے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھا دیئے۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایک مشاورتی اجلاس میں میاں جاوید لطیف نے ملک میں نئے صوبوں کی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس طرح کے حساس اور اہم انتظامی امور کو ہوا میں نہیں لایا جا سکتا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک رات خواب دیکھیں اور پھر نئے صوبے بنا دیں، ان لوگوں سے بحث کروائی جا رہی ہے جن کا زمینی حقائق سے کوئی دور دور تک کا تعلق نہیں ہے۔
میاں جاوید لطیف کا مسلم لیگ ن کے تنظیمی اجلاس میں دھواں دھار خطاب۔
پارٹی ورکرز کی بھرپور ترجمانی! pic.twitter.com/SVDGeKKdYv— Raza (@SocialDigitally) September 12, 2026
انہوں نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھل کر بتائیں کہ حکومت یا خود وزیراعظم کے پاس کتنے اختیارات ہیں کیونکہ اس حقیقت سے وہ خود بھی اچھی طرح واقف ہیں اور باقی سب بھی جانتے ہیں، کارکنوں اور رہنماؤں کو ہمیشہ مصلحت کا شکار رکھا جاتا ہے، جب جماعت مشکل میں ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ جماعت اس وقت مشکل میں ہے لہذا خاموش رہو اور جب جماعت اقتدار میں ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ ابھی چپ رہو، وہ ناراض ہو جائیں گے، پھر پارٹی کے اندر اصل بات کرنے کا موقع کب آنا چاہیے اور کب کی جانی چاہیے؟
