کاروباری ہفتے کا مہنگا ترین آغاز! عالمی منڈی میں خام تیل 107 ڈالر فی بیرل کی سطح پر

نیویارکـ(قدرت روزنامہ)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر 3 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں حوثیوں کے تازہ حملوں، خلیج میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے اور سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
کاروبار کے دوران برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں میں 3.21 ڈالر یا 3.1 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 107.82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 3.17 ڈالر یا 3.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 103.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں رکاوٹوں کے باعث گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوا تھا اور قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کرگئی تھیں۔ یہ جولائی کے بعد پہلی مرتبہ تھا کہ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر گئی۔
