موبائل فونز کے ٹیکسوں سے پریشان شہریوں کیلئے خوشخبری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے موبائل فونز پر غیر معمولی اور بھاری ٹیکسوں سے تنگ آئے شہریوں کو بالآخر آسان اقساط کی صورت میں بڑا ریلیف فراہم کر دیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قاسم گیلانی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں الحمدللہ کا ورد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے در آمد شدہ سمارٹ فونز پر عائد شدید ٹیکسوں کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی حاصل کرلی ہے، اس کے علاوہ ریگولیٹری ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس میں بھی تقریباً 18 ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے۔

قاسم گیلانی نے لکھا کہ ماضی میں سمارٹ فون صارفین کو اپنا موبائل فون استعمال کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے سے لے کر ڈھائی لاکھ روپے تک کا بھاری پی ٹی اے ٹیکس یکمشت ادا کرنا پڑتا تھا جو کہ عام شہری کی پہنچ سے مکمل طور پر باہر ہو چکا تھا، نئی کامیابی کے تحت اب صارفین کو یہ بھاری رقم ایک ساتھ دینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ اب محض 8 ہزار روپے سے لے کر 17 ہزار روپے تک ماہانہ کی آسان اقساط میں اپنا پی ٹی اے ٹیکس ادا کرکے فون استعمال کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں سمارٹ فون اور انٹرنیٹ اب بنیادی ضرورت بن چکے ہیں، ان پر غیر معمولی ٹیکسیشن نے نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو معاشی طور پر سخت پریشان کر رکھا تھا، ان شاء اللہ ہم صرف اس ریلیف پر ہی اکتفا نہیں کریں گے بلکہ عوام کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کے میدان میں مزید رعایتیں اور آئندہ کے لیے مزید آسانیاں اور رعایت دلوانے کے لیے اپنی آئینی اور سیاسی جدوجہد باقاعدگی سے جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert