کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد عہدے کا چارج سنبھال لیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل یعنی آئی جی اسلام آباد اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے، ان کی سینٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور جوانوں نے پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
سینٹرل پولیس آفس میں کمان کی تبدیلی کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے باضابطہ طور پر آئی جی اسلام آباد کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔
نئے آئی جی اسلام آباد نے سینٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف انتظامی و پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور اسلام آباد پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے اپنی ترجیحات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
’شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ فورس کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جائے گا جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے گی، جبکہ پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
