’گھر سے انتظام کرکے آیا کرو‘ اسلام آباد پولیس اہلکار کی بارش میں خاتون اسکوٹر سوار سے مبینہ بدتمیزی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر شدید بارش کے دوران ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے خاتون اسکوٹر سوار کے ساتھ بدتمیزی اور نازیبا رویے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے فوراً بعد اسلام آباد پولیس حکام نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکار کے خلاف تحریری انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد میں تیز بارش کے دوران ایک خاتون اسکوٹر سوار نے بارش سے بچنے کے لیے ایکسپریس وے کے ایک پل کے نیچے پناہ لے رکھی تھی، تاہم ٹریفک پولیس کا اہلکار خاتون کو مسلسل اسکوٹر بارش میں ہی آگے لے جانے پر مجبور کر رہا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون اہلکار کو بار بار بتاتی رہی کہ ‘باہر تیز بارش ہو رہی ہے، مجھے تھوڑی دیر بارش رکنے کا انتظار کرنے دیں‘، تاہم اہلکار اس کے باوجود الجھتا رہا اور نامناسب جملے کسے کہ ’بارش کے دوران گھر سے اپنا بندوبست کر کے آیا کریں‘، سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ پل کے نیچے دیگر موٹر سائیکل سوار مرد بھی کھڑے تھے جنہیں پولیس اہلکار کچھ نہیں کہہ رہا تھا بلکہ وہ صرف تنہا خاتون کو ہدف بنا کر الجھتا رہا۔
معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر شہریوں کے شدید احتجاج اور ویڈیو کی وائرل کے بعد ترجمان اسلام آباد پولیس نے وضاحتی بیان جاری کردیا، جس میں ترجمان نے کہا ہے کہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے متعلقہ ٹریفک آفیسر کو فوری طور پر شوکاز نوٹس جاری کر کے ایک دن یعنی 24 گھنٹوں کے اندر اندر باقاعدہ جواب طلب کر لیا ہے۔
علاوہ ازیں سی ٹی او اسلام آباد کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے تمام ٹریفک افسران اور فیلڈ اہلکاروں کو اس ضمن مین سخت انتباہ اور ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ سڑکوں پر عام شہریوں اور بالخصوص خواتین کے ساتھ مہذب، باوقار اور شائستہ طریقے سے پیش آئیں اور ٹریفک قوانین کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ان کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert