اسحاق ڈار سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، طلال چودھری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سزا یافتہ افراد کی منتقلی کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ قانونی تعاون میں اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس معاہدے کو پاکستان اور لبنان کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ احمد الحجار نے پاکستان کو مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کی مبارکباد بھی دی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
