وزیراعظم کی اعلان کردہ فیول ریلیف اسکیم 16 ستمبر کو ملک بھر میں شروع ہوگی، اسلام آباد میں پہلے سے فعال

اسلام آباد: وزیراعظم کی اعلان کردہ فیول ریلیف اسکیم 16 ستمبر کو ملک بھر میں شروع ہوگی، جبکہ یہ اسلام آباد میں پہلے سے فعال ہے۔
وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے انتظامی امور اور عملدرآمد کے حوالے سے ایک اجلاس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق دار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر آئی ٹی، وزیر پارلیمانی امور، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، آئی ٹی سیکرٹری اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شہری کی دسترس میں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اسحاق دار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی آگاہی کو مؤثر بنایا جائے اور پیٹرول پمپس پر اسکیم کے ہموار اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
نائب وزیراعظم نے منتخب نمائندگان پر زور دیا کہ وہ فیول ریلیف اسکیم کے بارے میں عوام کو معلومات فراہم کریں اور شہریوں کی رجسٹریشن کے عمل میں مدد کریں؛ انہوں نے ہدایت دی کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کی کوششوں کے لیے متحرک کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم اس وقت اسلام آباد میں فعال ہے، اور ملک کے دیگر حصوں میں اس کا آغاز 16 ستمبر 2026 کو رات 11:59 بجے ہونا ہے۔
