جمہوریت ہی سیاسی،معاشی اور سماجی استحکام کی منزل پر پہنچنے کاواحد راستہ ہے:وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور( قدرت روزنامہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم جمہوریت پراپنے پیغام میں کہاہے کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔جمہوریت محض سیاسی نظام نہیں بلکہ ترقی میں عوام کے فعال کردار کے مسلسل عمل کا نام ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل متوازن فلاحی معاشرہ ہے۔ جمہوریت کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی امر ہے -احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے، عالمی یوم جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لیے منظم مہم جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعالیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ جمہوریت ہی سیاسی،معاشی اور سماجی استحکام کی منزل پر پہنچنے کاواحد راستہ ہے۔
