27 ستمبر کو یہ ایک لاکھ پولیس اور ایک لاکھ فوج بھی لے آئیں، 40 لاکھ لوگوں کو نہیں روک پائیں گے

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو40 لاکھ لوگ نکلیں گے، یہ ایک لاکھ پولیس اور ایک لاکھ فوج بھی لے کر آئیں پھر بھی لوگوں کو نہیں روک پائیں گے۔ انہوں نے لاہور میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایت بن چکی ہے کہ پولیس ڈالے میں مجھے اغواء کرنے کی کوشش کی گئی، ان لوگوں نے ساری زندگی حکومت میں نہیں رہنا، یہ پاکستان کی سیاست ہے یہاں بازی پلٹتی رہتی ہے۔
"لوگ ستائیس ستمبر کو نکلیں گے یہ لاکھ پولیس ولاے اور ایک لاکھ فوج لے کر آئیں لوگوں کو نہیں روک پائیں گے، کل انہوں نے وزیراعلی کو اغواء کی کوشش کی ہے ساری عمر انہوں نے حکومت میں نہیں رہنا اگلی باری ہے ہماری باری آئے گی تو نہ کوئی عورت کارڈ چلے گا نہ بیماری چلے گی نہ بزرگ کارڈ چلے… pic.twitter.com/NlJPulxNTR
— PTI (@PTIofficial) September 15, 2026
اگلی باری ہماری ہے، یہاں پر کھڑے ایک ایک پولیس والے کی ویڈیو بنائی جارہی ہے، ہم عوامی ووٹ سے حکومت میں آئیں گے، ابھی بھی ہم 180 سیٹوں کے ساتھ جیتے ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے ووٹ پر ڈاکا ڈالا، جب ہماری باری آئے گی ، پھر نہ عورت کارڈ چلے گا نہ بیماری کارڈچلے گا ، نہ بزرگ کا لحاظ چلے گا، جو چور لٹیرے ڈاکو پنجاب کی عوام پر قابض ہیں، ان کا بھرپور احتساب ہوگا۔
مزید برآں لاہور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے ریلیوں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ میں آج بھی لاہور میں ہوں، ان شاء اللہ پانچ بجے دوبارہ اسٹریٹ موومنٹ کے لیے نکلیں گے، کل لاہور میں ہم نے کوئی کال نہیں دی تھی، اس کے باوجود لاہور کے عوام بڑی تعداد میں خود سڑکوں پر نکلے، ہم نے کسی کو نہیں بتایا تھا کہ ہم کہاں جا رہے ہیں، لاہور کے عوام خود نکلے، پنجاب پولیس نے ہمارے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے تمام راستے بند کیے، جہاں جہاں ہم جا رہے تھے وہاں کی لائٹس بند کی گئیں، پیٹرول پمپس بند کرائے گئے اور مالکان کو ہماری گاڑیوں کو پیٹرول دینے سے روکا گیا۔
ہمارے قیام کی جگہ سے ٹینٹ اکھاڑ دیے گئے اور آنے والے کارکنان کو گرفتار کیا گیا، لاہور کے عوام کل بغیر کسی کال کے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے، لاہور کے عوام آج بھی نکلیں گے، پنجاب کی جعلی حکومت اور پولیس ہوش کے ناخن لے۔ آج بھی رویہ تبدیل نہ ہوا تو خیبرپختونخوا میں جاری اجلاس کے بعد سخت ردعمل آئے گا۔
