لاہور ؛ شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ 2 سگے بھائیوں کی جان لے گئی
لاہور (قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شادی کی ایک تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ 2 سگے بھائیوں کی جان لے گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے نصیر آباد میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران وہاں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ماجد اور جاوید کے ناموں سے ہوئی ، جن میں سے مقتول ماجد پولیس کے محکمہ اے وی ایل ایس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا ، دونوں بھائیوں کو فائرنگ کے بعد لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابھی علاج جاری تھا کہ ان کا انتقال ہوگیا۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقہ اورنگی ٹاؤن میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی ، شہر قائد میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی 11 سالہ بچی کی شناخت مدیحہ کے نام سے ہوئی ، بچی کو سر پر سامنے سے گولی لگی جو پار ہوگئی اور بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاہم بچی کے لواحقین نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا اور میت اسپتال سے سرد خانے لے گئے ، جس کے بعد ایس ایچ او اقبال مارکیٹ انسپکٹر اخلاق احمد پولیس کارروائی کے لیے چھیپا سرد خانہ پہنچے اور ایس ایس پی غربی سہائی عزیز کی کوششوں سے لواحقین پوسٹ مارٹم کے لئے راضی ہوئے۔
لواحقین نے بتایا کہ علاقے میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کے بھائی کی شادی کی تقریب ہورہی تھی ، مدیحہ گھر کی کھڑکی سے شادی کی یہ تقریب دیکھ رہی تھی جہاں کچھ افراد فائرنگ بھی کر رہے تھے، اسی دوران ایک اندھی گولی بچی کے ماتھے پر لگی جو آر پار ہوگئی اور بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی ، مقتولہ مدیحہ کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی ، جہاں بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ، ایم ایل او عباسی شہید ڈاکٹر ام ایمن نے بتایا کہ مدیحہ کو سر کے عقب میں گولی لگی اور ماتھے سے باہر نکلی ، بچی کو گولی کافی دور سے لگی تھی ۔