پیٹرول پمپ مالکان کا وزیراعظم ریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے انکار

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ وزیراعظم ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کرنے سے صاف انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے کہا ہے کہ حکومت کی 100 روپے سبسڈی پر اب کسٹمر اور پیٹرول پمپ اونر آپس میں لڑیں گے، حکومت پالیسیاں بناتی ہے پیٹرول پمپ اونرز کو معلوم ہی نہیں ہوتا، حکومت نے 100 روپے کی سبسڈی دی ہے اس کے بارے بھی ہمیں معلوم نہیں، روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل سے پیڑول پمپ اونرز کو نقصان ہو رہا ہے، حکومت لیوی ختم کر کے عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیتی؟ پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعمان بٹ کا ضمن میں مؤقف ہے کہ اتنی بڑی اور اہم ریلیف اسکیم شروع کرنے سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ کسی قسم کی کوئی مشاورت یا مذاکرات نہیں کیے گئے، نہ تو متعلقہ وزارتِ پیٹرولیم، نہ ہی وزیراعظم ہاؤس اور نہ ہی اوگرا نے ڈیلرز کو اعتماد میں لینے کی زحمت کی، حکومت نے تو سبسڈی دے دی، یہ نہیں بتایا کہ پیٹرول پمپ اونرز کو یہ پیسے کیسے واپس ملیں گے؟ اس کی ادائیگی اور وصولی کے طریقہ کار پر ڈیلرز برادری کو شدید اور سنگین تحفظات لاحق ہیں جس کے باعث اس منصوبے کو موجودہ حالت میں نافذ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز کو مکمل طور پر اندھیرے میں رکھ کر اس اسکیم کو ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ بالکل نا قابلِ قبول ہے، اس پورے معاملے میں سب سے بڑا مسئلہ اور رکاوٹ سبسڈی کی رقم کی فراہمی کے طریقہ کار کا غیر واضح ہونا ہے، جب تک ڈیلرز کو یہ معلوم ہی نہیں ہوگا کہ سبسڈی کے تحت دی جانے والی رقم ان کے کھاتوں میں کس طریقے اور کتنے وقت میں منتقل ہوگی تب تک وہ اپنے پاس سے یہ مالی بوجھ کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟۔
پیٹرول پمپ مالکان نے کہا ہے کہ ڈیلرز کے لیے بغیر کسی واضح فریم ورک کے اس اسکیم پر عمل کرنا مالی طور پر تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے، اگر حکومت ڈیلرز کو سبسڈی کی رقوم کی بروقت اور مکمل ادائیگی کی باقاعدہ قانونی گارنٹی فراہم کرے تو اس ریلیف اسکیم کو چلانے پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم ادائیگی کی کوئی پختہ گارنٹی نہ ہونے کی صورت میں ڈیلرز کے لیے اس اسکیم پر عملدرآمد ممکن نہیں، ڈیلرز کے بقایاجات اور وصولیوں کو محفوظ اور یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لہٰذا جب تک ادائیگی کا شفاف نظام وضع نہیں ہوتا، ریلیف اسکیم کا نفاذ مؤخر رکھا جائے۔
